کراچی(این این آئی)پاکستان گزشتہ 3دہائیوں سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی کرنے والا ملک ہے۔اقوام متحدہ کی تنظیم برائے مہاجرین (یواین ایچ سی آر)کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اس وقت افغانستان سے تعلق رکھنے والے 14لاکھ 50ہزار کے قریب مہاجرین موجود ہیں۔رپورٹ کے مطابق پاکستان تین دہائیوں سے خلوص کے ساتھ دنیا کے سب سے زیادہ مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے اور اس حوالے سے عالمی برادری کی جانب سے مزید تعاون کی اشد
ضرورت ہے۔دوسری جانب پاکستان سے رضاکارانہ طور پر افغانستان واپس جانے والے مہاجرین کی تعداد بھی دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یواین ایچ سی آر مارچ 2002 سے پاکستان مین رجسٹرڈ41 لاکھ افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے تعاون کررہا ہے۔یاد رہے کہ یواین ایچ سی آر کی جانب سے گزشتہ سال اکتوبر میں ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اقوام متحدہ کے تعاون سے 2016 میں پاکستان میں مقیم تقریبا 3 لاکھ افغان مہاجرین اپنے وطن واپس چلے گئے ہیں۔