اسلام آباد( این این آئی)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ میری شہباز شریف ،اسحاق ڈار، شاہد خاقان عباسی اور سعد رفیق سے ملاقات جاری تھی کہ میڈیا میں پریس کانفرنس بارے آگیا جس پر شہباز شریف نے کہا کہ ہم بیٹھے ہیں اور آپ نے پریس کانفرنس کا اعلان کر دیا ۔ شہباز شریف سمیت تمام رہنما بضد تھے کہ میں آج بھی پریس کانفرنس نہ کروں لیکن ان سے وعدہ کیا ہے کہ خاص دائرے میں بات کروں گا اور مجھے ضرور بات کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسے دوستی کا بوجھ بلکہ دوستی کا جبر سمجھ لیں یہ غلط نہیں ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پریس کانفرنس کے آغاز پر ہی صحافیوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ آج کوئی سوال نہیں لوں گا ۔ آئندہ چند روز بعد کھل کر بات ہو گی ۔وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پریس کانفرنس کا اعلان میرے لئے وبال جان بن گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مجموعی حالات میں یہ میری زندگی کی مشکل ترین پریس کانفرنس ہے ۔