اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹراپارٹی انتخابات کی تفصیلات درست قرار دیتے ہوئے ان کا انتخابی نشان ‘بلا بحال کردیا۔گذشتہ روز پی ٹی آئی نے انٹراپارٹی انتخابات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائی تھیں، کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات کی تفصیلات کو درست قرار دے دیا۔
جس کے بعد الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو انتخابات میں حصہ لینے کا اہل قرار دے دیا اور ساتھ ہی پی ٹی آئی کو بلے کا انتخابی نشان بھی الاٹ کردیا۔واضح رہے کہ عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ اگر انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع نہ کرائی جائیں تو انتخابی نشان الاٹ نہیں ہوتا۔