سکردو /گلگت (این این آئی) پاک فضائیہ نے بھارتی ائیرچیف کی دھمکیوں کے بعد کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے اپنے تمام فارورڈ ایئربیس آپریشنل کردیئے ہیں۔ بدھ کو بھارتی ائیرچیف کی دھمکیوں کے پیش نظر پاک فضائیہ کے تمام فارورڈ آپریٹنگ بیسزمکمل آپریشنل کردیئے گئے ہیں اور مختلف جنگی طیاروں کی سیاچن کے قریب پروازیں جاری رہیں۔
ایئرچیف مارشل سہیل امان سیاچن محاذ کے قریب اسکردو میں فارورڈ آپریٹنگ بیس پر آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے پہنچے ٗایئر چیف نے ناصرف فضائی سرحدوں کی حفاظت پر مامور جوانوں کے جذبے کو سراہا بلکہ فارورڈ آپریشنل ایریا میں میراج طیارہ اڑا کر جنگی مشقوں میں حصہ بھی لیا۔یاد رہے کہ بھارتی ایئر چیف مارشل بی ایس دھانوا نے 30 مارچ کو ذاتی حیثیت میں 12 ہزار افسروں کو مختصر نوٹس پر آپریشنز کیلئے تیار رہنے کا خط لکھا تھا جس کے بعد پاک فضائیہ نے بھی مشرقی سرحدوں پر بڑھتے ہوئے خطرات کو بھانپتے ہوئے بھر پور تیاریاں شروع کردیں۔