ممبئی(آئی این پی) بالی وڈ انڈسٹری کے نامور ستارے ونود کھنہ کے انتقال نے ان کے مداحوں اور ساتھی اداکاروں کو افسوس میں مبتلا کردیا۔ان کا شمار بالی وڈ کے ان کامیاب ستاروں میں کیا جاتا رہا ہے جو کئی دہائیوں تک اپنی شاندار پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کرتے رہے۔ ونود کھنہ کا انتقال 27 اپریل کو ہوا ہے اور 7 سال قبل 27 اپریل کو ہی بالی وڈ اداکار و ہدایتکار فیروز خان کا بھی انتقال ہوا تھا۔ وہ پھیپھڑوں کے
کینسر میں مبتلا تھے۔ونود کھنہ اور فیروز خان ایک دوسرے کے بہترین دوست مانے جاتے رہے، ان دونوں نے کئی فلموں میں ایک ساتھ کام بھی کیا۔ یہ دونوں پہلی مرتبہ ایک ساتھ 1976ء کی فلم ’شنکر شمبھو‘ میں جلوہ گرہوئے، ان دونوں نے 1980ء کی کامیاب فلم ’قربانی‘ میں بھی ایک ساتھ کام کیا، فیروز خان نے اس فلم کی ہدایتکاری بھی کی تھی۔ونود کھنہ نے فیروز خان کی ہدایت کاری میں بننے والی کامیاب فلم ’دیاون‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا جبکہ فیروز خان نے خود اس فلم میں معاون کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ ونود کھنہ کا انتقال بھی کینسر کی وجہ سے ہوا ہے۔ ان دونوں بہترین اداکاروں کی کمی بولی وڈ انڈسٹری کو ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی۔