اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے نئے مالی سال 2017-18کے متوقع قومی دفاعی بجٹ پر بریفنگ لینے کا فیصلہ کرلیا،اس مقصد کیلئے قائمہ کمیٹی کااجلاس 16فروری کو پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کرلیا گیا ہے،اجلاس میں وزیردفاع خواجہ محمد آصف بھی شریک ہوں گے،رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں ہونے والے دفاعی اخراجات سے بھی قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا،
ایجنڈے کے مطابق سیکرٹری دفاع کو مالی سال 2017-18کے دفاعی ترقیاتی بجٹ کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،وزارت دفاع کو تمام دفاعی منصوبے تحریری طور پر کمیٹی میں پیش کرنے اورتفصیلی بریفنگ کی ہدایت کی گئی ہے،قائمہ کمیٹی اپنے ضابطہ کار کے تحت دفاعی ترقیاتی بجٹ پر بحث کرے گی اور اس حوالے سے اپنی تجاویز سے وزارت دفاع کو آگاہ کرے گی۔ذرائع کے مطابق قائمہ کمیٹی کو علاقائی سالمیت آزادی و خود مختاری کے تناظر میں نئے مالی سال میں متوقع دفاعی اخراجات سے بھی آگاہ کیا جائے گا،مغربی و مشرقی سرحدوں کی موجودہ صورتحال سلامتی کے داخلی حالات اور سالمیت کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر تیزی سے تبدیل ہوتی صورتحال کے تناظر میں دفاعی اخراجات میں اضافے کا امکان ہے۔۔۔۔