اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے واضح کیا ہے کہ پاناما لیکس کی تحقیقات اور وزیراعظم کے احتساب پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ٗحکومت کے جھوٹے پراپیگنڈے ٗبلیک میلنگ اور الزام تراشی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائیگا ۔ہفتہ کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت میڈیا اسٹریٹجی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں پانامہ لیکس کی تحقیقات اوروزیر اعظم کے احتساب پرکسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنیکا فیصلہ کیا گیا ۔پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے زیادہ سے زیادہ کارکنان اسلام آباد لانے کی ہدایت کر دی ٗپی ٹی آئی اجلاس میں نامہ لیکس سے توجہ ہٹانے کیلئے سرکاری وسائل اور اداروں کے بے دریغ استعمال کا مفصل جائزہ لیا گیا ۔ حکومتی وزراء کی جانب سے ریاستی اداروں کی بلیک میلنگ کی
کوششوں کا تجزیہ اور بین الاقوامی سطح پر پاناما کے اثرات اور حکومتوں کے اس پر ردعمل پر بحث کی گئی ہے ۔ذرائع کے مطابق دو نومبر کو اسلام آباد کے پر امن احتجاج میں تشدد کے استعمال کے حکومتی منصوبے کا تجزیہ اور حکومت کی جانب سے ایکشن پر ری ایکشن دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں جھوٹے پراپیگنڈے، بلیک میلنگ، الزام تراشی اور حکومتی طعن و تشنیع کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا عزم بھی کیا گیا ۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ زیادہ سے زیادہ کارکنان اسلام آباد لائے جائیں اور لوگوں کو دھرنے کے مقاصد سے آگاہ کیا جائے ۔اجلاس میں شیریں مزاری ،اسد عمر،نعیم الحق ،عمران اسماعیل ،علی زیدی ،شہریار آفریدی اور عمر چیمہ شریک ہوئے۔