اسلام آباد(ایکسکلوژو رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سلمان مجاہد بلوچ پاکستان پیپلز پارٹی ریلی پر شدید برہم، ایم کیو ایم رہنماء سلمان مجاہد بلوچ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا طاقت کا نشہ اترے گا تو اسے لگ پتہ جائے گا۔ سلمان بلوچ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ریلی کو عاشور کے جلوسوں سے زیادہ سیکورٹی دی گئی۔ سلمان بلوچ نے کہا کہ پی پی پی کی یہ ریلی شہداء کی یاد میں تھی۔ کیا شہیدوں کی ریلی میں بینڈ باجے اور شادیانے بجائے جاتے ہیں؟ کیا شہیدوں کی ریلیوں میں ناچ گانا ہوتا ہے؟ ایم کیو ایم رہنماء سلمان بلوچ نے کہا کہ شادیانے اور بینڈ باجا بجا کر پورے شہر کو مصیبت میں ڈالا گیا، تمام راستے بند تھے اور لوگ ہسپتالوں میں بھی نہیں جا سکے۔ ایم کیو ایم رہنماء کا کہنا تھا کہ ناچ گانے کی محفلیں سجانے سے پاکستان میں تبدیلی نہیں آئے گی، عوام کی حالت زار بدلنے کے لئے ملک میں معاشی استحکام لانا ضروری ہے۔ پاکستان میں بعض سیاسی عناصر شارٹ کٹ راستے سے اقتدار حاصل کرنے کے لئے بے تاب ہیں انھیں ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا۔