اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم چھپانے اور دنیا کو گمراہ کرنے کے لئے مودی حکومت نت نئے منصوبوں پر عمل پیرا ہے ، بھارتی اداروں نے اڑی سیکٹر پر حملے کے بعد ’’نیا پلان تشکیل‘‘ دے دیا ،ممبئی کے قریب کوسٹل ٹاؤن میں واقع ’’ارن نیول بیس ‘‘پر حملے کا ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے ممبئی میں خوف و ہراس پھیلا دیا ،،مبینہ حملہ آوروں کی تلاش میں بھاری فضائی نگرانی اور کومبنگ آپریشن جاری۔بھارتی نجی چینل’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق کوسٹل ٹاؤن میں سکول کے دو بچوں نے پولیس کو اطلاع دی کہ انہوں نے پانچ مشتبہ افراد کو دیکھا ہے، جنہوں نے کالے لباس پہنے ہوئے تھے ،بھاری اسلحہ سے لیس تھے اورکاندھوں پر بڑے بیگ بھی لادھے ہوئے تھے ،بچوں کا کہنا تھا کہ مشتبہ حملہ آورشکل و صورت اور حلیہ سے’’پٹھان ‘‘ محسوس ہوتے تھے ،بچوں کی اس اطلاع پر بھارتی سیکیورٹی اداروں نے ممبئی میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے پورے کوسٹل ٹاؤن اور ارد گرد کے علاقوں کی فضائی نگرانی شروع کی ہوئی ہے ،جگہ جگہ سیکیورٹی ناکے لگا کر راستوں کو بلاک کر دیا گیا ہے جبکہ پولیس اور فوج نے کوسٹل ٹاؤن میں ’’کوبنگ آپریشن ‘‘ بھی شروع کیا ہوا ہے ،مودی سرکار نے ائیر فورس اور انسداد دہشت گردی فورس کو بھی ہائی الرٹ کر دیا ہے۔دوسری طرف’’ این ڈی ٹی وی ‘‘ کا کہنا ہے کہ بھارتی بحریہ نے اس اطلاع کو انتہائی سنجیدگی کے ساتھ لیا ہے،بھارتی بحریہ کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت اس اطلاع کو نظر انداز نہیں کر سکتے اور نہ ہی اسے معمولی واقعہ سمجھتے ہوئے درگزر کر سکتے ہیں۔بھارتی ٹی وی کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے سیکیورٹی اداروں نے جس جگہ حملے کا خدشہ ظاہر کیا ہے یہ انتہائی حساس ایریا ہے ،جہاں نیول بیس کے علاوہ جواہر لال نہرو پورٹ اور’’بھابھا ایٹمی ریسرچ سینٹر ‘‘ جیسے اہم ادارے واقع ہیں۔