سرینگر(این این آئی) مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑ ی میں بھارتی فوج کے بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز پر حملے اور بھارتی فوجیوں کی ہلاکت کے بارے میں فیس بک پر تبصرہ کرنے پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں زیر تعلیم کشمیری طالب علم کو بیدخل کردیا گیا ہے جبکہ بھارتی پولیس نے بھی طالب علم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق یونیورسٹی ترجمان نے کہا ہے کہ سرینگر سے تعلق رکھنے والے کشمیری طالب علم مدثر یوسف کوفیس بک پر اوڑی حملے پر قابل اعتراض تبصرہ کرنے پر یونیورسٹی سے بیدخل کردیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس معاملے کی وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ نے نے خود تحقیقات کی ہے۔مدثر یوسف یونیورسٹی سےآرگینک کیمسٹری میں ایم ایس سی کررہے تھے۔وائس چانسلر شاہ نے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں اس قسم کی حرکت کیلئے کوئی جگہ نہیں اور نہ قوم دشمن رجحانات کو برداشت کیا جاسکتا ہے۔اس سلسلے میں علی گڑھ سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ستیش کمار نے بھی وائس چانسلر کے نام خط میں کشمیری طالب علم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا تھا جس کے بعد انکوائری کی گئی۔ایس ایس پی علی گڑھ راجیش پانڈے نے کہاہے کہ فوجیوں کی ہلاکت پر مدثر کے تبصرے کے بعد اسکے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ سول لائینز پولیس اسٹیشن میں مدثر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔