کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف اور فنکشنل لیگ نے خواجہ اظہار کی گرفتاری کی مذمت کردی۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنماعمران اسماعیل نے کہاہے کہ راؤ انوار خود کو وزیراعلیٰ سندھ سے زیادہ طاقتور سمجھتے ہیں، گرفتاری کا طریقہ کار بدمعاشوں جیسا ہے۔ایم کیوایم پاکستان کے رہنماء اور قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حزخواجہ اظہار الحسن کو ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے سر عام گرفتار کرلیا، پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ فنکشنل نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کردی۔اس پرشدید ردعمل کااظہارکرتے ہوئے عمران اسمائیل نے کہاکہ خواجہ اظہار کو جس طرح گرفتار کیا گیا وہ طریقہ انتہائی قابل مذمت ہے، راؤ انوار خود کو وزیراعلیٰ سے زیادہ طاقت ور سمجھتے ہیں، گرفتار کرنا تھا تو وارنٹ دکھاتے، جس طرح گرفتار کیا گیا یہ کون سی بدمعاشی ہے؟۔اسی طرح مسلم لیگ (ف) کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی نے اپنے ردعمل میں کہاکہ کہ سندھ حکومت دبئی سے چلائی جارہی ہے، قانون پر عمل سے اعتماد بڑھ جاتا ہے تاہم یہ طریقہ کار درست نہیں۔ان رہنمائوں نے کہاکہ سندھ حکومت کے پاس اختیارکوئی نہیں ہے بلکہ پولیس زیادہ بااختیارہے ۔ادھرسیاسی تجزیہ کاروں کاکہناہے کہ تحریک انصاف کی طرف سے خواجہ اظہارالحسن کی گرفتاری کی مذمت کرناسیاسی نظام کومضبوط کرنے کی ایک اچھی کوشش ہے ۔ان کاکہناتھاکہ تحریک انصاف کایہ اقدام جمہوری اقدارکے لئے قابل تعریف ہے ۔