کوئٹہ ( این این آئی ) ضلع گوادر کی تحصیل جیوانی میں لیویز چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں تحصیلدار سمیت چھ اہلکار شہید جبکہ دو اہلکار زخمی ہوگئے ۔واقعے کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستا ن نواب ثناء اللہ خان زہری نے کمشنر مکران سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ضلع گوادر کی تحصیل جیوانی کے علاقے کلدان میں نامعلوم دہشت گردوں نے لیویز چیک پوسٹ پر کھڑی لیویز کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں لیویز کے پانچ اہلکار موقع پر جان بحق جبکہ تحصیلدار جیوانی نعیم گچکی اور رسالدار عبداللہ اور دو سپاہی زخمی ہوگئے زخمیوں کو سول ہسپتال گوادر منتقل کردیا گیا جہاں پر تحصیلدار جیوانی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان بحق ہوگئے واقعہ کے بعد لیویز اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ،،وزیراعلی بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے جیوانی میں لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کی مذمت کرتے ہوئے لیویز اہلکاروں کے جان بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ،وزیر اعلی نے کمشنر مکران سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے ۔