لاہور ( این این آئی) سکیورٹی خدشات اور بچوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات کے پیش نظر پنجاب بھر میں سکولوں کے اطراف کومبنگ آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا ، آپریشن میں رینجرز اور سی ٹی ڈی مشترکہ طور پر حصہ لے گی ،مشتبہ اور بغیر شناختی کارڈ کے افراد کو بھی زیر حراست لیاجائیگا ،تمام اداروں اور ایجنسیز کو روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ آپریشن کے لیے ہنگامی مراسلہ جاری کر دیا گیاجبکہ صوبائی حکومت نے حفاظتی اقدامات کے لئے بھی خصوصی مراسلہ بھی جاری کردیا ۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی خدشات اور بچوں کے لاپتہ ہونے کے بڑھتے واقعات کے باعث سکولوں میں جانے والے بچوں کے والدین بھی پریشان ہیں۔اس سلسلہ میں محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو سکولوں کی سکیورٹی کے لیے ایک ہنگامی مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں تعلیمی اداروں کے اطراف میں کومبنگ آپریشن کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔محکمہ داخلہ کی جانب سے تعلیمی اداروں کی فول پروف سکیورٹی کے لیے تین صفحات پر مبنی مراسلہ جاری کیا گیا جس کے مطابق پہلے فیز میں اے پلس اور اے کیٹگری کے تعلیمی اداروں کے اطراف میں کومبنگ آپریشن کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق کومبنگ آپریشن میں رینجرز اور سی ٹی ڈی مشترکہ طور پر حصہ لے گی ۔کومبنگ آپریشن میں تعلیمی اداروں کے اطراف میں رہائشیوں، کرایہ داروں اور کاروباری شخصیات کے مکمل کوائف سمیت تمام اہم تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔مشتبہ اور بغیر شناختی کارڈ کے افراد کو زیر حراست لیاجائے گا ۔ مراسلے کے مطابق رینجرز اور سی ٹی ڈی روزانہ کی بنیاد پر تعلیمی اوقات کار میں بھی اداروں کے اطرف میں اپنی سرگرمی جاری رکھیں گے۔دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے ایک مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں سکولوں کی سکیورٹی مزید سخت کرنے اور بچوں کی چھٹی کے واپسی کے حوالے سے خصوصی اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چھٹی کے بعد بچوں کو شناخت کے بعد ہی والدین کے حوالے کیا جائے۔سکول ٹائم کے دوران بچوں کو باہر جانے کی اجازت نہ دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔