اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی نے کہا ہے کہ کسی بھی سینیٹر کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج میں سینٹ رکاوٹ نہیں ہے اور نہ ہی ہم سے اجازت طلب کرنا ضروری ہے ہمیں صرف اطلاع دینا ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی کے سینیٹر حافظ حمد اللہ کے خلاف سماجی کارکن ماروی سرمد کی جانب سے تھانہ کوہسار میں ایف آئی آر درج کرنے کے حوالے سے سینٹ سے اجازت لینے کے بارے میں میڈیا میں چلنے والی خبروں پر کیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ کسی بھی سینیٹر کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج میں سینٹ یا چیئرمین سینٹ رکاوٹ نہیں ہے سینٹ کو صرف اطلاع دینا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ سینیٹر کے خلاف چیئرمین سینٹ کی اجازت کی ضرورت نہیں ہوتی ہے اس حوالے سے کوئی بھی اقدام اراکین کے مشورے سے اٹھایا جائے گا ۔