لاہور(آئی این پی) پیپلزپارٹی کے سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس کے معاملے پر وزیر اعظم نوازشر یف کو استثنیٰ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘لگتا ہے حکومت خود چاہتی ہے اپوزیشن سڑکوں پر آجائے ‘(ن) لیگ کو چاہیے وہ اپنا اورقوم کو مزید وقت ضیاع نہ کر یں اور اپوزیشن کے ٹی اوآرز کو تسلیم کر لیں ورنہ احتجاجی تحر یک کا سامنا کر نے کیلئے تیار ہوجائے ‘(ن) لیگ حکومت کے آئینی مدت پوری کر نے کے امکانا ت کم ہیں ‘اپوزیشن اپنے ٹی اوآرز پرمکمل طور پر قائم ہے ۔ اپنے ایک انٹر ویو کے دوران سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اگر پار لیمانی کمیٹی میں فیصلہ نہیں ہوگا تو اپوزیشن کے پاس سڑکوں پر آنے کے سواکوئی اور راستہ نہیں ہوگا اور تمام تر حالات کی ذمہ داری پھر (ن)لیگ پر ہی عائد ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نوازشر یف اور انکی فیملی کا دامن صاف ہے تو انکو احتساب کے نام سے خوف کیوں آتا ہے ؟انکی حر کتوں سے لگتا ہے کہ دل میں کالا ضرور ہے اس لیے ہم احتساب کا آغاز وزیر اعظم کے خاندان سے ہی کر نا چاہتے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر اعظم کا عہدہ کوئی مقدس گائے نہیں اس لیے پانامہ لیکس کے معاملے پر وزیر اعظم نوازشر یف کو استثنیٰ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتااور حکومت کی بھلائی بھی اسی میں ہے کہ وہ خود کو احتساب کیلئے پیش کر دیں ورنہ آنیوالے دن حکومت کیلئے مزید پر یشان کن ہوں گے ۔