کراچی(این این آئی)معروف سماجی شخصیت مولاناعبدالستارایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے اتوارکو وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینزکے صدرآصف علی زرداری کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری سے چیف منسٹرہاؤس میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں آصفہ بھٹو زرداری نے فیصل ایدھی کو سابق صدر آصف علی زرداری کا پیغام دیا کہ وہ عبدالستار ایدھی کو بیرون ملک سے علاج کروانا چاہتے ہیں جن کے اخراجات آصف علی زرداری برداشت کریں گے، اس پر فیصل ایدھی نے کہا کہ وہ اس حوالے سے اپنے والد عبدالستار ایدھی سے بات کر کے انکو اپنے فیصلے سے آگاہ کرینگے۔ فیصل ایدھی نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے درخواست کی کہ ایدھی فاؤنڈیشن کے قبرستان کے لئے 10ایکڑ زمین الاٹ کی جائے آصفہ بھٹو زرداری نے بھی وزیراعلیٰ سندھ سے سفارش کی کہ فیصل ایدھی کا مطالبہ غور طلب ہے اور اسکو ضرور پورا کیا جائے ۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سینئر ممبر بورڈ آف رونیو رضوان میمن کو ہدایت کی کہ وہ قبرستان کے لئے زمین مختص کرنے کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن انسانیت کی فلاح کے لئے کام کر رہی ہے اور ہمیں انکی طرف مدد کا ہاتھ بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے فیصل ایدھی کو یقین دہانی کرائی کہ انکا مطالبہ پورا کیا جائیگا۔