فیصل آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)فیصل آباد میں پولیس اہلکاروں کے تشدد کے بعد غریب چائے فروش چل بسا پولیس کے مبینہ تشدد سے فیاض نامی چائے فروش کی ہلاکت کا واقعہ فیصل آباد کے علاقے گلبرگ میں پیش آیا ۔ مقتول فیاض کے بھائی وقار نے بتایا کہ تھانا گلبرک کے کچھ پولیس اہلکار فیاض کے ہوٹل سے بغیر پیسے دئیے اکثر چائے پیا کرتے تھے۔ گزشتہ شب فیاض نے پولیس والوں کو مفت میں چائے دینے سے انکار کیا اور پیسے وصول کرلیے۔پولیس والوں نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے پیسے ادا کیے اور دکان بندکرکے گھر واپسی کے دوران فیاض کو راستے میں پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔ مقتول فیاض کے بھائی کا الزام ہے کہ فیاض کی ہلاکت پولیس اہلکاروں کے تشدد سے ہوئی ہے ۔ادھرایس ایچ او تھانا گلبرگ شاہد وحید نے مقتول فیاض کو نشے کا عادی بتاتے ہوئے پولیس تشدد کی تردید کی ۔ ان کا موقف ہے کہ فیاض نشے کی حالت میں ایک گھر میں داخل ہوا تو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا ، پولیس اہل کار اسے ہسپتال منتقل کر رہے تھے کہ وہ راستے میں وہ دم توڑگیا۔دوسری جانب سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد افضال کوثر نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔