کراچی (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے معروف سماجی اور فلاحی شخصیت عبدالستار ایدھی کی عیادت کی اور انہیں بیرون ملک علاج کی پیشکش کی تاہم عبدالستار ایدھی نے پیشکش مسترد کرتے ہوئے اس کے بدلے میں لاوارثوں کے قبرستان کیلئے زمین فراہم کرنے کی درخواست کر دی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کوسابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے ایدھی سینٹر میں معروف سماجی رہنماء عبدالستار ایدھی کی عیادت کی۔ اس موقع پر آصف بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ ہمارے لئے سرمایہ ہیں، عبدالستار ایدھی نے ملک کیلئے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں ، جہاں ایدھی صاحب کہیں گے وہیں علاج کروائیں گے، بیٹی کی حیثیت سے آئی ہوں، امید ہے علاج کیلئے موقع دیں گے تاہم سماجی کارکن عبدالستار ایدھی نے بیرون ملک علاج کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری سے لاوارثوں کیلئے قبرستان کی زمین فراہم کرنے کیلئے درخواست کی، جس پر آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ حکومت سے قبرستان کی زمین کیلئے بات کروں گی۔