کراچی(این این آئی) سندھ کے بجٹ اجلاس کی کوریج کے لئے آنے والے صحافیوں کے لئے اسمبلی کا مرکزی گیٹ بند کردیاگیا، جس کے باعث صحافی اور سیکیورٹی اہلکار آپس میں الجھ پڑے ۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو سندھ اسمبلی میں بجٹ اجلاس کے موقع پرسیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے۔ اسمبلی میں پہلی بار وزراء ، ارکان سندھ اسمبلی ، میڈیا ارکان اور وزیٹربائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے داخل ہوئے۔ اسی تناظر میں جب بجٹ اجلاس کی کوریج کرنے والے صحافی اسمبلی بلڈنگ پہنچے تو وہاں موجود سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں مرکزی گیٹ کے بجائے واک تھرو گیٹ سے داخلے کا کہا جس پر چند صحافی طیش میں آگئے اور سیکیورٹی اہلکاروں سے الجھنے لگے نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی عین اسی وقت سیکرٹری سندھ اسمبلی بھی وہاں پہنچ گئے اور ساری صورتحال کا خود نوٹس لیتے ہوئے صحافیوں کو مرکزی گیٹ سے جانے کی اجازت دیدی ۔یاد رہے کہ کچھ عرصے قبل ایک نجی ٹی وی چینل کے اینکر نے سندھ اسمبلی میں اسٹنگ آپریشن کیا تھا جس کے نتیجے میں وہ سیکیورٹی اہلکاروں کو تحائف دیکر اسلحے سمیت اجلاس میں پہنچ گیا تھا اس وقعے کے بعد سندھ اسمبلی میں سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے اورہفتہ کو بائیو میٹرک سسٹم بھی تنصیب کردیا گیا ہے ۔