لاہور( این این آئی ) پنجاب کا آئندہ مالی سال 2016-17ء کا بجٹ کل ( پیر ) سہ پہر چار بجے پیش کیا جائے گا ۔ صوبائی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا پنجاب کے لئے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کریں گی ۔پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ کی طرف سے بجٹ اجلاس کیلئے سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات کا سلسلہ جاری ہے ۔اسپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں منعقد ہونے والے بجٹ اجلاس کے موقع پر حفاظتی انتظامات کے سلسلہ میں اسمبلی عمارت کے اطراف سے گزرنے والی دونوں شاہراہیں عام ٹریفک کیلئے بند رکھی جائیں گی جبکہ قریب واقع عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہوں گے۔ پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایپکا کی طرف سے بجٹ کے روز مال روڈ پر احتجاج کی کال کے پیش نظر بھی حفاظتی انتظامات شروع کر دئیے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم 1650ارب روپے سے زائد ہوگا جس میں ترقیاتی کاموں کیلئے 550ارب روپے سے زائد تجویز کئے جائیں گے۔ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں وفاق کی طرز پر اضافے کی تجویز دئیے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کے مطابق بجٹ میں مزید سروسز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے بھی تجاویز پیش کی جائیں گی ۔ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ اجلاس کے موقع پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کیلئے رابطے شروع کر دئیے ہیں ۔