دبئی( نیوز ڈیسک )دبئی میں برج خلیفہ کے قریب ہوٹل میں آگ لگنے سے زخمی افراد کی تعداد 37افراد زخمی ایک ہلاک ۔ دی ایڈریس ڈاؤن ٹاؤن ہوٹل میں آگ لگتے ہی دبئی انتظامیہ کے حکام فوراً پہنچ گئے ، لوگوں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔دبئی میں سال نو کی تقریبات سے چند گھنٹے پہلے ہول ناک آگ نے دی ایڈریس دبئی ڈاون ٹاون ہوٹل کی تریسٹھ منزلہ عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ چھ سو اپارٹمنٹس اور دو سو کمروں پر مشتمل اس ہوٹل کی بیسویں منزل پر آگ لگی ، دیکھتے ہی دیکھتے آگ عمارت کے بڑے حصے میں پھیل گئی۔ہوٹل کی کھڑکیاں آگ کی حدت سے ٹوٹ کر گرنے لگیں ،دبئی میں نیو ایئرنائٹ کے منتظر سیاح یہ مناظر دیکھ کر دہل گئے۔ آگ کے شعلے اور دھوئیں کے سیاہ بادل میلوں دور تک دیکھے گئے۔سوشل میڈیا پرجاری تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ لگنے کے بعد وہاں افرا تفری کا کیا عالم تھا۔ انتظامیہ نے آگ کی اطلاع ملتے ہی فوری ریسکیوکارروائی کی اور ہوٹل میں مقیم مہمانوں کو عمارت سے باہر نکال کر دبئی مال پہنچایا، حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔