کراچی(این این آئی)آلو کے چپس کی پھولی ہوئی تھیلی دیکھ کر اکثر صارفین کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ اس میں اتنی زیادہ ہوا کیوں بھری جاتی ہے،
جبکہ تھیلی کھولنے پر چپس کی مقدار نسبتاً کم دکھائی دیتی ہے۔ اس کی دلچسپ وجہ سامنے آگئی ہے۔ماہرین کے مطابق چپس کی تھیلیوں میں عام ہوا کے بجائے زیادہ تر نائٹروجن گیس بھری جاتی ہے، جس کا بنیادی مقصد چپس کو زیادہ عرصے تک تازہ، خستہ اور ذائقے دار رکھنا ہوتا ہے۔عام ہوا میں موجود آکسیجن چپس میں شامل تیل کے ساتھ تعامل کرکے انہیں باسی اور بدذائقہ بنا سکتی ہے، جبکہ نمی ان کا کرکرا پن بھی ختم کردیتی ہے۔
اسی لیے پیکنگ کے دوران تھیلی میں نائٹروجن گیس شامل کی جاتی ہے تاکہ آکسیجن کی مقدار کم سے کم رہے اور چپس کا معیار برقرار رکھا جاسکے۔نائٹروجن نسبتاً غیر فعال گیس ہے اور کھانے کی اشیا کے ساتھ آسانی سے کیمیائی تعامل نہیں کرتی۔ اس کے علاوہ تھیلی میں موجود گیس حفاظتی کشن کا کام بھی کرتی ہے، جو نقل و حمل اور رکھ رکھاؤ کے دوران چپس کو ٹوٹنے سے بچانے میں مدد دیتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ چپس کی تھیلیاں بظاہر ضرورت سے زیادہ پھولی ہوئی دکھائی دیتی ہیں۔ اس کا مقصد صرف پیکنگ کو بڑا دکھانا نہیں بلکہ اندر موجود چپس کو محفوظ رکھنا اور ان کی تازگی و معیار برقرار رکھنا بھی ہے۔



















































