اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی حکومت نے استعمال شدہ گاڑیوں کی تجارتی بنیادوں پر درآمد کے لیے عائد پانچ سالہ عمر کی پابندی ختم کردی ہے،
جس کے بعد اب پرانی گاڑیاں بھی درآمد کی جاسکیں گی۔وزارتِ تجارت نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے 23 اکتوبر 2026 کو جاری کردہ میمورنڈم کے جواب میں نئی وضاحت جاری کی ہے، جس میں اس پالیسی تبدیلی کی تفصیلات بیان کی گئی ہیں۔وزارت کے مطابق یکم جولائی 2026 سے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد پر پانچ سال کی عمر کی حد لاگو نہیں ہوگی۔ اس فیصلے کے تحت 30 جون 2026 کے بعد درآمد ہونے والی گاڑیوں کے لیے عمر کی کوئی مخصوص پابندی برقرار نہیں رکھی گئی۔وضاحت میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ پہلے ہی استعمال شدہ گاڑیوں کی تجارتی درآمد سے متعلق عمر کی حد ختم کرنے کی منظوری دے چکی ہے،
جس کے بعد اس فیصلے پر عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔تاہم وزارتِ تجارت نے واضح کیا ہے کہ پرانی گاڑیوں کی درآمد کے لیے دیگر متعلقہ امپورٹ پالیسی شرائط پوری کرنا ضروری ہوگا۔ اس کے ساتھ درآمد کنندگان کو ماحولیاتی تحفظ اور گاڑیوں کی حفاظت سے متعلق مقررہ معیارات کی پابندی بھی کرنا ہوگی۔حکومت کے اس اقدام سے استعمال شدہ گاڑیوں کی کمرشل درآمد کی پالیسی میں نمایاں تبدیلی آگئی ہے اور اب اس شعبے میں عمر کی سابقہ حد کے بغیر درآمد کی گنجائش پیدا ہوگئی ہے۔



















































