مری(این این آئی)مری میں رکھالہ روڈ پر افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں ایک ہی خاندان کے 7افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق رکھالہ روڈ پر گاڑی کھائی میں گرنے سے آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 7افراد جھلس کر جان سے گئے، گاڑی میں بچے، بزرگ اور خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے 14افراد سوار تھے۔متاثرہ خاندان کے دیگر 7افراد جھلسنے کے باعث زخمی ہیں۔ فیملی شادی کی تقریب سے واپس آ رہی تھی۔یاد رہے کہ جون 2026میں مری ایکسپریس وے پر سیاحوں کی ایک وین میں آگ لگنے کے نتیجے میں 10 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے تھے۔حادثہ مری ایکسپریس وے پر کہجوٹ کے قریب پیش آیا تھا جس میں 8 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا نے حادثے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ مسافر وین تیز رفتاری کے باعث پہلے بے قابو ہو کر سڑک کی حفاظتی دیوار سے ٹکرائی، دیوار سے ٹکرانے کے نتیجے میں گاڑی کا فیول ٹینک پھٹ گیا اور پیٹرول لیک ہونے کی وجہ سے پوری وین سیکنڈوں میں آگ کی لپیٹ میں آگئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ اندر موجود مسافروں کو گاڑی سے نکلنے کا موقع ہی نہیں مل سکا، جس کی وجہ سے جانی نقصان ہوا۔حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں جھلس کر زخمی ہونے والے 8 افراد کو فوری طور پر پمز اسپتال اسلام آباد منتقل کیا گیا تھا۔



















































