کراچی(این این آئی)پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والے شہری 2026ئ میں 9 ممالک کا سفر بغیر پیشگی ویزا کرسکتے ہیں،
جبکہ 29 ممالک میں پہنچنے پر ویزا حاصل کرنے کی سہولت دستیاب ہے۔ مزید 4 مقامات کے لیے سفر سے قبل الیکٹرانک سفری اجازت حاصل کرنا ضروری ہے۔تازہ عالمی پاسپورٹ درجہ بندی کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ 183ویں نمبر پر ہے اور اس کا موبیلٹی اسکور 42 ہے۔ تاہم 42 کا مطلب یہ نہیں کہ پاکستانی شہری 42 ممالک میں ویزا فری سفر کرسکتے ہیں، بلکہ اس میں ویزا فری، ویزا آن ارائیول اور الیکٹرانک سفری اجازت کی سہولتیں شامل ہیں۔پاکستانی شہریوں کے لیے ویزا فری قرار دیے گئے 9 ممالک میں بارباڈوس، ڈومینیکا، گیمبیا، ہیٹی، مائیکرونیشیا، روانڈا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گریناڈینز، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو اور وانواتو شامل ہیں۔
ویزا فری سفر میں مسافر کو روانگی سے قبل ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی، جبکہ ویزا آن ارائیول کی صورت میں منزل پر پہنچنے کے بعد ویزا جاری کیا جاتا ہے۔ الیکٹرانک سفری اجازت کے لیے سفر سے قبل آن لائن منظوری لینا ضروری ہوتی ہے، تاہم یہ روایتی ویزا فری داخلے کے برابر نہیں۔رپورٹ کے مطابق 156 مقامات پر پاکستانی شہریوں کو سفر سے قبل ویزا حاصل کرنا پڑتا ہے۔ عالمی پاسپورٹ درجہ بندی میں پاکستان سے نیچے صرف عراق، شام اور افغانستان کے پاسپورٹ موجود ہیں۔رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ مختلف عالمی پاسپورٹ اشاریے ویزا فری، ویزا آن ارائیول اور الیکٹرانک سفری اجازت کو اپنے اپنے طریقہ کار کے مطابق شمار کرتے ہیں، اس لیے سفری سہولتوں کی تعداد متعلقہ اشاریے کے طریقہ کار کے مطابق مختلف ہوسکتی ہے۔



















































