اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کبل کے علاقے میں باپ اور بیٹے کے درمیان فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دونوں جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ معمولی تلخ کلامی کے بعد پیش آیا۔ فائرنگ کے دوران باپ اور بیٹا دونوں زخمی ہوئے اور بعد ازاں دم توڑ گئے۔ پولیس نے لاشیں اسپتال منتقل کرکے واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والا بیٹا عدنان منشیات کا عادی تھا۔
دوسری جانب لاہور کے علاقے شالیمار میں جائیداد کے تنازع نے خاندانی جھگڑے کو قتل کے واقعے میں تبدیل کردیا، جہاں ایک بیٹے نے مبینہ طور پر اپنے والد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزم محمد اسماعیل خان اپنے والد محمد یوسف خان کی جانب سے جائیداد سے عاق کیے جانے پر مشتعل تھا۔ ملزم نے غصے میں آکر والد پر پستول سے چھ گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی شالیمار پولیس اور ڈولفن اسکواڈ نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے مبینہ آلہ قتل بھی برآمد کرلیا ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



















































