اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاسپورٹ فیس آن لائن جمع کرانے والے شہریوں کے لیے محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے ادائیگی کے طریقہ کار سے متعلق اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
حکام کے مطابق فیس کی ڈیجیٹل ادائیگی کے لیے مخصوص طریقہ استعمال کرنا ضروری ہوگا۔
محکمے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاسپورٹ فیس صرف RAAST QR Code اسکین کرکے ادا کی جاسکے گی۔ درخواست گزاروں کو تاکید کی گئی ہے کہ رقم جمع کراتے وقت مقررہ RAAST کیو آر کوڈ ہی استعمال کریں تاکہ ادائیگی کامیابی سے مکمل ہوسکے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ IBFT کے ذریعے IBAN استعمال کرکے یا Passport Fee Asaan کے PSID کے ذریعے کی جانے والی ادائیگیاں قابل قبول نہیں ہوں گی۔ شہریوں کو چاہیے کہ پاسپورٹ فیس ادا کرنے سے پہلے مقررہ ڈیجیٹل طریقہ کار کی مکمل پابندی کریں۔
یہ وضاحت ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے جب پاسپورٹ فیس کی وصولی کے نظام کو مزید ڈیجیٹل اور کیش لیس بنانے پر کام جاری ہے۔ اس اقدام کا مقصد فیس کی ادائیگی کو شہریوں کے لیے زیادہ سہل بنانا اور روایتی طریقہ کار سے وابستہ مشکلات کو کم کرنا ہے۔
یاد رہے کہ اگست 2026 میں ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے پاسپورٹ فیس کی کیش لیس ادائیگی کے نظام کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنانے کی ہدایت کی تھی۔ پاسپورٹ ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران انہوں نے خود QR Code اسکین کرکے فیس ادا کی اور ڈیجیٹل نظام کا عملی جائزہ بھی لیا تھا۔
محمد علی رندھاوا نے ڈیجیٹل ادائیگی کے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تھی کہ شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔ نئی ہدایات کے بعد پاسپورٹ درخواست گزاروں کے لیے ضروری ہے کہ فیس جمع کراتے وقت صرف مقررہ RAAST QR Code کے ذریعے ادائیگی کریں۔



















































