اسلام آباد (نیوز ڈیسک) جرمنی نے پاکستانیوں سمیت غیر یورپی ممالک کے اہل اور ہنرمند افراد کے لیے ملازمت کی تلاش کا ایک نیا موقع فراہم کردیا ہے،
جس کے تحت چانس کارڈ (Chancenkarte) حاصل کرنے والے افراد پہلے سے جاب آفر کے بغیر جرمنی جا سکتے ہیں۔
چانس کارڈ کی سہولت کے ذریعے درخواست گزار کو جرمنی میں ایک سال تک قیام کرکے قانونی طور پر ملازمت تلاش کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔ مکمل طور پر تسلیم شدہ جرمن یونیورسٹی کی ڈگری یا ووکیشنل qualification رکھنے والے افراد اسکلڈ ورکر کی حیثیت سے اس پروگرام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
اگر کسی امیدوار کی غیر ملکی تعلیمی یا پیشہ ورانہ قابلیت جرمنی میں مکمل طور پر تسلیم شدہ نہ ہو تو وہ پوائنٹس سسٹم کے تحت بھی چانس کارڈ کے لیے اہل قرار پاسکتا ہے۔ اس صورت میں عموماً کم از کم دو سالہ تسلیم شدہ ووکیشنل تربیت یا تسلیم شدہ یونیورسٹی ڈگری کے ساتھ جرمن زبان کی A1 سطح یا انگریزی کی B2 سطح اور کم از کم 6 پوائنٹس درکار ہوتے ہیں۔
پوائنٹس کا تعین امیدوار کی عمر، تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ تجربے، جرمن اور انگریزی زبان پر عبور اور جرمنی میں سابقہ قانونی قیام سمیت مختلف عوامل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ 35 سال سے کم عمر امیدواروں کو 2 پوائنٹس جبکہ 35 سے 40 سال کی عمر کے افراد کو ایک پوائنٹ دیا جاسکتا ہے۔
2026 میں مالی وسائل کی شرط
2026 کے دوران چانس کارڈ کے لیے درخواست دینے والے افراد کو ہر ماہ کم از کم 1091 یورو نیٹ مالی وسائل ثابت کرنا ہوں گے۔ یہ تقاضا جرمنی کے بلاکڈ اکاؤنٹ، اہل اسپانسر کی ڈیکلریشن آف کمٹمنٹ یا بعض حالات میں تصدیق شدہ پارٹ ٹائم ملازمت کے ذریعے پورا کیا جاسکتا ہے۔
چانس کارڈ رکھنے والے افراد کو ہفتے میں زیادہ سے زیادہ 20 گھنٹے پارٹ ٹائم کام کرنے کی اجازت ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ممکنہ آجر کے پاس دو ہفتوں تک ٹرائل ورک بھی کیا جاسکتا ہے، جس کا مقصد ملازمت، اپرنٹس شپ یا متعلقہ qualification پروگرام حاصل کرنے کے امکانات پیدا کرنا ہے۔
حکام کے مطابق جرمنی میں ملازمت حاصل ہونے کے بعد چانس کارڈ خود بخود ورک پرمٹ میں تبدیل نہیں ہوتا۔ کارڈ کی مدت ختم ہونے سے پہلے امیدوار کو متعلقہ رہائشی اجازت نامے کے لیے درخواست دینا ہوگی، جس میں اسکلڈ ورکر ریزیڈنس پرمٹ اور یورپی یونین بلیو کارڈ سمیت مختلف آپشنز موجود ہیں۔
درخواست گزاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی ڈگری، پیشہ ورانہ قابلیت اور دیگر اہلیت کی تصدیق متعلقہ جرمن اداروں سے کرائیں جبکہ ویزا درخواست کے وقت تمام مطلوبہ دستاویزات اور مالی وسائل کا ثبوت بھی فراہم کریں۔
واضح رہے کہ چانس کارڈ کے تحت مفت رہائش، سرکاری مالی معاونت یا ملازمت کی ضمانت نہیں دی جاتی۔ حکام نے امیدواروں کو جعلی ملازمتوں کی پیشکش، غیرمصدقہ بلاکڈ اکاؤنٹ سروسز اور فوری ویزا یا گارنٹی کے دعوے کرنے والے غیر مجاز ایجنٹس سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔



















































