ریاض (نیوز ڈیسک)سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کو نادرا کی مختلف سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے موبائل رجسٹریشن کیمپ لگانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نادرا کی جانب سے سعودی عرب کے الاحساء ریجن میں پاکستانی شہریوں کے لیے خصوصی موبائل رجسٹریشن کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں شناختی دستاویزات سے متعلق متعدد خدمات فراہم کی جائیں گی۔
اعلامیے کے مطابق کیمپ کنگ خالد روڈ، ٹوبہ 47912 میں قائم ہوگا اور 11 ستمبر 2026، بروز جمعہ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک شہریوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی۔موبائل کیمپ میں نادرا سے متعلق مختلف امور نمٹائے جائیں گے، جن میں نئے ب فارم کا اجرا، ب فارم کی تجدید، منسوخی اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سمیت دیگر خدمات شامل ہیں۔حکام نے سعودی عرب میں رہائش پذیر پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ اور اوقات میں کیمپ کا دورہ کرکے اپنی شناختی دستاویزات سے متعلق ضروری کارروائی مکمل کرائیں اور اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔



















































