اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، نیپرا نے وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد بجلی کے نرخوں میں دوبارہ اضافہ کردیا۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 52 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے۔یہ اضافہ رواں سال کی دوسری سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں بجلی صارفین پر مجموعی طور پر 12 ارب 67 کروڑ روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اضافی رقم صارفین سے ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے بجلی بلوں میں وصول کی جائے گی۔
تین ماہ تک ہر ماہ فی یونٹ 52 پیسے اضافی ادا کرنا ہوں گے۔نیپرا کے فیصلے کا اطلاق ملک بھر کے بجلی صارفین کے ساتھ ساتھ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران بجلی کے نرخوں میں یہ دوسرا اضافہ ہے۔ اس سے قبل 4 ستمبر کو نیپرا نے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا اعلان کیا تھا۔



















































