اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی حکومت نے پنشن کی ادائیگی کے طریقہ کار کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے پنشنرز کے لیے نئے قواعد جاری کردیئے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق آئندہ پنشن کی رقم ڈیجیٹل پنشن نظام کے تحت براہ راست پنشنر کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے گی، جبکہ پنشن حاصل کرنے والوں کو ہر چھ ماہ بعد اپنی ڈیجیٹل تصدیق کرانا ہوگی۔نئے نظام کے تحت یہ تصدیق نادرا پاک آئی ڈی ایپ یا نادرا کے مجاز مراکز سے کرائی جاسکے گی۔ حکومت نے پنشن کی تصدیق کے لیے رائج پرانے کاغذی طریقہ کار کو بھی ختم کردیا ہے۔نئے قواعد کے بعد پنشنرز کے لیے مارچ اور ستمبر میں تصدیق کرانے کا سابقہ شیڈول بھی ختم کردیا گیا ہے۔ اسی طرح بینکوں کو پنشنرز سے الگ سے بائیومیٹرک تصدیق یا لائف سرٹیفکیٹ طلب نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔حکومت نے واضح کیا ہے کہ صرف ڈیجیٹل تصدیق نہ ہونے کی بنیاد پر پنشن اکاؤنٹ کو ڈورمنٹ نہیں کیا جائے گا۔
تاہم اگر مسلسل چھ ماہ تک ڈیجیٹل تصدیق مکمل نہ کی گئی تو پنشن کی رقم کی منتقلی عارضی طور پر روک دی جائے گی۔پنشنر کی جانب سے ڈیجیٹل تصدیق مکمل کرتے ہی پنشن کی ادائیگی دوبارہ بحال کردی جائے گی اور رقم معمول کے مطابق بینک اکاؤنٹ میں منتقل ہونا شروع ہوجائے گی۔وزارت خزانہ کے مطابق نئے ڈیجیٹل نظام کا بنیادی مقصد پنشن کی ادائیگی، تصدیق اور متعلقہ کارروائی کو جدید تقاضوں کے مطابق مکمل طور پر ڈیجیٹل اور آسان بنانا ہے۔



















































