اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ای پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند افراد کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت نادرا کے تمام مراکز میں ای پاسپورٹ سے متعلق سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ترجمان کے مطابق 7 ستمبر سے کراچی سمیت ملک بھر کے نادرا سینٹرز پر شہری اپنے ای پاسپورٹ کی تجدید اور ری پرنٹ کی سہولت حاصل کرسکیں گے۔ یہ سروس محکمہ پاسپورٹس اور نادرا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت شروع کی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق نئے ای پاسپورٹ کا اجرا، پاسپورٹ میں تبدیلی اور نئے مشین ریڈایبل پاسپورٹ کا حصول بدستور متعلقہ پاسپورٹ دفاتر سے ہی ممکن ہوگا۔ دوسری جانب نادرا دفاتر میں قائم پاسپورٹ کاؤنٹرز کو مرحلہ وار ختم کیا جائے گا اور وہاں تعینات عملے کو واپس بلایا جائے گا۔جدید ای پاسپورٹ میں الیکٹرانک چِپ نصب ہوگی، جس میں پاسپورٹ ہولڈر کا بائیومیٹرک اور دیگر ذاتی ڈیٹا محفوظ کیا جائے گا۔
یہ پاسپورٹ بین الاقوامی شہری ہوا بازی کے ادارے (ICAO) کے مقرر کردہ عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا۔ای پاسپورٹ میں این ایف سی چِپ کے علاوہ لیزر اینگریونگ، انفراریڈ اور الٹرا وائلٹ سمیت جدید حفاظتی خصوصیات بھی شامل ہوں گی۔ ان ٹیکنالوجیز کی مدد سے ایئرپورٹس پر مسافروں کی شناخت اور تصدیق کا عمل زیادہ محفوظ، تیز اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔



















































