اسلام آباد ( نیوز ڈیسک)ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے آئی فون 18 سیریز کے نئے ماڈلز 9 ستمبر کو ’’سپرپرائز اینڈ شائن‘‘ نامی ایونٹ میں متعارف کرائے جانے کی توقع ہے، تاہم اس مرتبہ کمپنی کی جانب سے معمول سے ہٹ کر حکمت عملی اختیار کیے جانے کا امکان ہے۔
ایپل عام طور پر ستمبر میں ہونے والی تقریب کے دوران آئی فون کی نئی سیریز کے مختلف ماڈلز پیش کرتی ہے، لیکن رواں سال سب سے سستا نیا آئی فون بھی صارفین کے لیے خاصا مہنگا ثابت ہوسکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسٹینڈرڈ آئی فون 18 کو ستمبر 2026 کے بجائے 2027 کے موسم بہار میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ اس صورت میں 9 ستمبر کے ایونٹ میں پیش کیا جانے والا کم قیمت نیا ماڈل آئی فون 18 پرو ہوگا۔
آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت تقریباً 1099 ڈالر ہونے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 3 لاکھ 4 ہزار روپے سے زیادہ بنتی ہے۔ تاہم اگر ایپل نے ریم اور دیگر میموری اجزا کی بڑھتی ہوئی لاگت صارفین کو منتقل کی تو قیمت مزید بڑھ سکتی ہے۔
رواں سال جون میں ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک نے بھی میموری چپس کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا ذکر کیا تھا۔ اس کے بعد سامنے آنے والی مختلف رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ کمپنی نئے آئی فون ماڈلز کی قیمتوں میں کم از کم 100 ڈالر تک اضافہ کرسکتی ہے۔
اگر یہ اضافہ آئی فون 18 پرو پر لاگو ہوتا ہے تو اس کی ابتدائی قیمت 1199 ڈالر تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت 1299 ڈالر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب ایپل رواں سال اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی متعارف کرانے کی تیاری میں ہے۔ اس ڈیوائس کی قیمت 2 ہزار ڈالر سے تجاوز کرنے کی صورت میں ایپل کے نئے فلیگ شپ فونز کمپنی کی تاریخ کے مہنگے ترین ماڈلز میں شامل ہوجائیں گے۔
گزشتہ کئی برسوں سے ایپل کے اسٹینڈرڈ آئی فون کی قیمت میں زیادہ نمایاں تبدیلی نہیں ہوئی۔ 2020 کے بعد سے بنیادی ماڈل کی ابتدائی قیمت تقریباً 829 ڈالر رہی، جبکہ پرو ماڈلز کی قیمت پہلے 999 ڈالر سے شروع ہوتی تھی۔
تاہم گزشتہ سال آئی فون 17 پرو کو 1099 ڈالر کی ابتدائی قیمت کے ساتھ پیش کیا گیا تھا، جس سے پرو ماڈلز کی قیمت میں پہلے ہی اضافہ ہوچکا ہے۔
اس سال اسٹینڈرڈ آئی فون 18 ستمبر کے ایونٹ میں شامل نہ ہونے کی صورت میں پرانے ماڈلز کی قیمتوں اور دستیابی سے متعلق صورتحال بھی واضح نہیں ہے۔
فی الحال آئی فون 17 کی قیمت 829 ڈالر جبکہ آئی فون 17e کی ابتدائی قیمت 599 ڈالر ہے، اس لیے نئے ماڈلز کی آمد کے باوجود یہ دونوں ڈیوائسز کم قیمت آئی فونز کے طور پر دستیاب رہنے کا امکان ہے۔
ادھر آئی فون ایئر کی ابتدائی قیمت 999 ڈالر ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس کا اگلا ورژن بھی 2027 میں اسٹینڈرڈ آئی فون 18 کے ساتھ متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔



















































