اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پنجاب میں اپنا گھر تعمیر کرنے کے خواہشمند کم آمدن شہریوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
’اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں موصول ہونے والی غیر معمولی تعداد میں درخواستوں کے پیش نظر صوبائی حکومت نے رواں مالی سال کے دوران بلاسود قرضوں کی فراہمی کا ہدف دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
صوبائی حکام کے مطابق ہاؤسنگ اسکیم کے تحت اب تک مستحق افراد کو 243 ارب روپے سے زائد کے بلاسود قرضے جاری کیے جاچکے ہیں۔ پروگرام میں شہریوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث مزید افراد کو اس سہولت میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی جی پھاٹا، سی ای او اربن یونٹ اور بینک آف پنجاب کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ’اپنی چھت اپنا گھر‘ منصوبے کی مجموعی پیش رفت، درخواستوں کی تعداد اور قرضوں کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے اس بات پر بھی غور کیا کہ مستحق شہریوں کو قرضوں کی فراہمی مزید تیز اور مؤثر کیسے بنائی جاسکتی ہے۔
حکومت پنجاب کے مطابق اس اسکیم کا مقصد محدود آمدن رکھنے والے ان خاندانوں کی مالی معاونت کرنا ہے جو اپنے وسائل نہ ہونے کے باعث ذاتی گھر تعمیر کرنے سے قاصر ہیں۔ بلاسود قرضوں کے ذریعے ایسے افراد کو گھر بنانے کا موقع فراہم کیا جارہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ درخواستوں میں ریکارڈ اضافے کے بعد قرضوں کے ہدف میں دوگنا اضافہ کیا جارہا ہے، جس سے مزید خاندانوں کو رہائشی سہولت حاصل کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
حکومت کی جانب سے پروگرام کی نگرانی بہتر بنانے کے ساتھ قرضوں کی منظوری اور تقسیم کے مراحل کو بھی تیز کرنے پر توجہ دی جارہی ہے، تاکہ اہل درخواست گزاروں کو مالی معاونت بروقت فراہم کی جاسکے۔



















































