اسلام آباد (نیوز ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں ملازمت کے لیے ویزا حاصل کرنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے نئی دستاویزی شرط عائد کردی گئی ہے۔
اب ویزا درخواست کے ساتھ پولیس کلیئرنس یا گڈ کنڈکٹ سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ضروری ہوگا۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات نے پاکستانی شہریوں کی ورک ویزا درخواستوں کے لیے پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا ہے، جس کا اطلاق 20 جولائی 2026 سے ہوچکا ہے۔
نئے ضابطے کے تحت یو اے ای میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانیوں کو پاکستان کی متعلقہ اتھارٹی سے پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ اس دستاویز کی متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے تصدیق بھی کرانا لازم ہوگی۔

حکام نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ ویزا درخواست جمع کرانے سے قبل تمام ضروری کاغذات مکمل کرلیں۔ پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ پہلے سے حاصل کرنے کی صورت میں درخواست کے عمل میں تاخیر اور دیگر ممکنہ مشکلات سے بچا جاسکتا ہے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے پاکستانی ملازمت کے امیدواروں کے علاوہ لائسنس یافتہ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کو بھی نئی شرط پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کے مطابق بیرون ملک روزگار کے لیے سفر کرنے والے افراد کے لیے ویزا اور دیگر ضروری دستاویزات کی بروقت تکمیل نہایت اہم ہے۔ نئی شرط کے بعد یو اے ای کا ورک ویزا اپلائی کرنے والے پاکستانی شہریوں کو اپنے کاغذات میں پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ اور اس کی تصدیق کا عمل بھی لازماً شامل کرنا ہوگا۔



















































