کراچی(این این آئی) ملک میں سونے کی قیمت میں مسلسل تیسرے روز بھی بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا،
جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 82 ہزار 936 روپے کا ہوگیا۔آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ہفتہ کو فی تولہ سونے کی قیمت میں 5 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا۔ گزشتہ روز بھی سونا 5 ہزار 200 روپے مہنگا ہوا تھا، جبکہ اس سے ایک روز قبل فی تولہ قیمت میں 13 ہزار 700 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔اس طرح گزشتہ تین روز کے دوران فی تولہ سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 24 ہزار 600 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت بھی 4 ہزار 972 روپے بڑھ گئی، جس کے بعد 10 گرام سونے کا نرخ 4 لاکھ 14 ہزار 39 روپے ہوگیا۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور فی اونس سونا 57 ڈالر مہنگا ہوکر 4 ہزار 604 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔چاندی کی قیمت میں تاہم کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور فی تولہ چاندی 7 ہزار 379 روپے پر برقرار رہی۔عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی قیمتی دھات کے نرخ مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں کے ساتھ روپے کی قدر اور درآمدی لاگت بھی مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کے نرخوں پر اثرانداز ہوتی ہے۔



















































