کراچی(این این آئی) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو موبائل فون فروخت کرنے،
کسی دوسرے شخص کے حوالے کرنے یا مرمت کے لیے دینے سے قبل ذاتی اور حساس معلومات کے تحفظ کے حوالے سے اہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔
پی ٹی اے کے مطابق اسمارٹ فونز میں صارفین کی ذاتی تصاویر، رابطہ نمبرز، پیغامات، اہم دستاویزات، پاس ورڈز اور سماجی رابطوں کے اکاؤنٹس سمیت حساس معلومات محفوظ ہوتی ہیں، اس لیے فون کسی دوسرے شخص کے حوالے کرتے وقت معمولی سی لاپرواہی بھی ڈیٹا چوری اور رازداری متاثر ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔پی ٹی اے نے ہدایت کی ہے کہ فون فروخت یا کسی کو دینے سے قبل تمام ضروری ڈیٹا کا محفوظ مقام پر بیک اپ لیا جائے، جس کے لیے کلاؤڈ اسٹوریج یا ہارڈ ڈرائیو استعمال کی جاسکتی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق فون کو فیکٹری ری سیٹ کرنے سے قبل اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ڈیوائس میں موجود ڈیٹا مکمل طور پر انکرپٹ ہو۔ اس کے بعد فیکٹری ری سیٹ کیا جائے تاکہ فون میں موجود ذاتی معلومات تک رسائی کے امکانات کم سے کم کیے جاسکیں۔پی ٹی اے نے صارفین کو یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ فون کسی دوسرے شخص کے حوالے کرنے سے پہلے سم کارڈ اور بیرونی میموری کارڈ لازمی نکال لیں۔ اہم اکاؤنٹس سے سائن آؤٹ کرنے اور فون سے ذاتی معلومات مکمل طور پر ہٹانے کو بھی یقینی بنایا جائے۔پی ٹی اے حکام نے کہاکہ چند منٹ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرکے شہری اپنے ذاتی اور حساس ڈیٹا کو چوری ہونے اور رازداری کی خلاف ورزی سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔



















































