کراچی(این این آئی)حکومت سندھ نے پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر جمعہ 14 اگست 2026 کو صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا،
جس کے باعث شہریوں کو مسلسل تین روز کی تعطیلات میسر آئیں گی۔محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈی نیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 14 اگست کی عام تعطیل کا اطلاق سندھ حکومت کے انتظامی کنٹرول میں آنے والے تمام سرکاری دفاتر، خودمختار و نیم خودمختار اداروں، کارپوریشنز اور بلدیاتی اداروں پر ہوگا۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ہنگامی اور ضروری خدمات انجام دینے والے ادارے عام تعطیل سے مستثنیٰ ہوں گے اور متعلقہ اداروں کا عملہ اپنی خدمات معمول کے مطابق انجام دے گا۔
چونکہ 14 اگست 2026 جمعہ کے روز آرہا ہے، اس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی معمول کی تعطیلات ہونے کے باعث سندھ کے شہریوں کو مسلسل تین روز یعنی جمعہ، ہفتہ اور اتوار کی تعطیلات حاصل ہوں گی۔حکومت سندھ کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر مختلف سرکاری و نجی سطح کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی، جبکہ شہریوں میں جشن آزادی کے حوالے سے بھرپور جوش و خروش پایا جارہا ہے۔



















































