اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے سولر ریگولیشنز 2026 میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دیتے ہوئے چھوٹے درجے کے سولر صارفین کے لیے قواعد میں نرمی کر دی ہے۔
نیپرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اب ایسے صارفین جو 25 کلو واٹ تک بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھنے والا سولر سسٹم نصب کریں گے، انہیں الگ سے نیپرا سے منظوری حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
نظرثانی شدہ ضوابط کے تحت اس اختیار کو متعلقہ بجلی تقسیم کار کمپنی (ڈسکو) کے سپرد کر دیا گیا ہے، جو درخواستوں کا جائزہ لے کر براہ راست منظوری جاری کر سکے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد سولر سسٹمز کی تنصیب کے عمل کو آسان بنانا، غیر ضروری مراحل کم کرنا اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ نئے ضوابط کے بعد صارفین کو منظوری کے لیے کم وقت اور آسان طریقہ کار میسر آئے گا، جس سے سولر توانائی کے استعمال میں مزید اضافہ متوقع ہے۔



















































