لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند افراد کی معاونت کے لیے “پرواز کارڈ” کے نام سے ایک نیا پروگرام شروع کر دیا ہے، جس کے تحت اہل امیدواروں کو بیرونِ ملک ملازمت سے متعلق ضروری اخراجات پورے کرنے کے لیے بلاسود مالی سہولت فراہم کی جائے گی۔
حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد ایسے افراد کی مدد کرنا ہے جنہیں بیرونِ ملک ملازمت کی پیشکش تو مل چکی ہو، لیکن مالی وسائل نہ ہونے کی وجہ سے وہ سفر یا دیگر ضروری مراحل مکمل نہ کر پا رہے ہوں۔ اس اسکیم کے ذریعے امیدوار آسان اقساط پر رقم واپس کر سکیں گے اور ان سے کسی قسم کا سود یا اضافی مالیاتی چارج وصول نہیں کیا جائے گا۔
یہ سہولت ہنرمند، نیم ہنرمند، غیر ہنرمند مزدوروں کے علاوہ مختلف شعبوں سے وابستہ پیشہ ور افراد کے لیے بھی دستیاب ہوگی، بشرطیکہ وہ مقررہ شرائط پر پورا اتریں۔
کون درخواست دے سکتا ہے؟
پرواز کارڈ کے لیے درخواست دینے والے امیدوار کی عمر کم از کم 18 سال ہونی چاہیے، اس کے پاس درست قومی شناختی کارڈ موجود ہو، وہ پنجاب کا مستقل رہائشی ہو اور اس کے پاس بیرونِ ملک ملازمت کی تصدیق شدہ آفر موجود ہو۔
کن اخراجات کے لیے مالی معاونت دی جائے گی؟
اس پروگرام کے تحت ویزا فیس، میڈیکل ٹیسٹ، اسکلز ویریفیکیشن، ہوائی ٹکٹ، اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر کی فیس اور بیرونِ ملک ملازمت سے متعلق دیگر منظور شدہ اخراجات کے لیے بلاسود مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
حکومت نے درخواست جمع کرانے، اس کی جانچ پڑتال اور درخواست کی پیش رفت معلوم کرنے کے تمام مراحل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا ہے تاکہ شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ملازمت نہ رکھنے والوں کے لیے بھی موقع
وہ افراد جن کے پاس فی الحال بیرونِ ملک ملازمت کی آفر موجود نہیں، وہ رجسٹرڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعے تصدیق شدہ غیر ملکی ملازمتوں تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ ملازمت کی پیشکش ملنے کے بعد وہ بھی مقررہ شرائط پوری کرتے ہوئے اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہوں گے۔
حکام کے مطابق اگر تمام ضروری دستاویزات مکمل ہوں تو درخواستوں پر 7 سے 10 دفتری دنوں میں کارروائی مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، تاہم یہ عمل مطلوبہ تصدیق اور قواعد کی تکمیل سے مشروط ہوگا۔
مزید یہ کہ رجسٹرڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز بھی پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ رجسٹریشن کرا کر اس پروگرام کا حصہ بن سکتے ہیں، تاکہ قانونی اور شفاف طریقے سے بیرونِ ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔



















































