اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے حج 2027ء کے اخراجات جمع کرانے کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ،
حج سکیم کے تحت اب 14بینکوں کی بجائے صرف ایک بینک کے ذریعے ادائیگیاں وصول کی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق حج 2027ء کے سرکاری اورنجی حج اخراجات کی ادائیگی کیلئے حبیب بینک کا انتخاب کیا گیا ہے،عازمین حج کو رقم جمع کرانے کیلئے بینک برانچ جانے کی ضرورت نہیں ہوگی،بلکہ وہ گھربیٹھے آن لائن بھی ادائیگی کرسکیں گے،جبکہ برانچ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت بھی صرف حبیب بینک پردستیاب ہو گی۔ ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور اورحبیب بینک کے درمیان جلد باضابطہ معاہدے پردستخط کیے جائیں گے،
جس کے بعد سرکاری حج اسکیم کے تمام مالی معاملات اسی بینک کے سپرد ہوں گے۔ذرائع کے مطابق سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی اگست کے وسط سے شروع ہونے کا امکان ہے، جبکہ درخواستوں کا باقاعدہ شیڈول بھی جلد جاری کیا جائے گا۔2027ء کے کوٹہ کے تحت ایک لاکھ 79 ہزار 210پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے،سرکاری سکیم کیلئے 60فیصد اورنجی سکیم کیلئے 40فیصد کوٹہ مقرر ہے،سرکاری حج اسکیم کے تحت ایک لاکھ7ہزار 832عازمین فریضہ حج ادا کریں گے،نجی سکیم کے کوٹے کے تحت 71ہزار 888عازمین حجاز مقدس جائیں گے۔



















































