اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سعودی عرب نے پاکستان سمیت چند دیگر ممالک سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے،
جس کے تحت عمرہ پیکیجز کی لاگت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔نئے فیصلے کے مطابق پاکستان، بھارت، مصر اور بنگلہ دیش سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے “نسک فوڈ واؤچر” لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس واؤچر کی فیس عمرہ ویزا کی مجموعی لاگت میں شامل ہوگی، جبکہ یہ پالیسی یکم ربیع الاول سے نافذ العمل ہوگی۔نئے نظام کے تحت ہر زائر سے روزانہ تقریباً 20 سعودی ریال کھانے کے اخراجات کی مد میں وصول کیے جائیں گے۔ یہ رقم ویزا پراسیسنگ کے دوران خودکار طور پر شامل کی جائے گی، جس کے باعث مجموعی عمرہ اخراجات میں اضافہ متوقع ہے۔اس فیصلے کے بعد پاکستان سمیت متاثرہ ممالک کے ٹریول ایجنٹس نے عمرہ پیکیجز کی قیمتوں کا ازسرِنو جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، تاکہ نئی لاگت کے مطابق پیکیجز ترتیب دیے جا سکیں۔
سعودی حکام کے مطابق عمرہ انتظامات کو مزید منظم اور ڈیجیٹل بنانے کے لیے نسک پلیٹ فارم کو ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ، کھانے اور دیگر سہولیات کے ساتھ مربوط کر دیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تقریباً 10 ہزار رجسٹرڈ ریسٹورنٹس کو اس نظام کا حصہ بنایا گیا ہے۔نئی پالیسی کے تحت ہر عمرہ زائر کو ویزے کے ساتھ ایک خصوصی ڈیجیٹل کوڈ فراہم کیا جائے گا، جس کی مدد سے وہ رجسٹرڈ ریسٹورنٹس سے مقررہ معیار کے مطابق کھانا حاصل کر سکے گا۔سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد عمرہ زائرین کو معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانا، خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور غیر رجسٹرڈ یا غیر معیاری کیٹرنگ سروسز کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔



















































