اسلام آباد(نیوزڈیسک)کرکٹ کو ہمیشہ شائستگی اور دیانت داری کا کھیل سمجھا جاتا ہے،
تاہم حال ہی میں سامنے آنے والی ایک ویڈیو نے کھیل کے میدان میں مبینہ طور پر کی جانے والی ایک غیر معمولی چال پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو کو کئی صارفین کرکٹ کی تاریخ کی منفرد ترین دھوکا دہی قرار دے رہے ہیں۔ماضی میں کرکٹ میں میچ فکسنگ اور اسپاٹ فکسنگ جیسے اسکینڈلز سامنے آتے رہے ہیں، لیکن اس مرتبہ معاملہ میدان کے اندر ایک فیلڈر کی حرکت سے متعلق ہے، جس نے شائقین اور ماہرین دونوں کو حیران کر دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ انگلینڈ میں کھیلے گئے نارتھ یارکشائر اینڈ ساؤتھ ڈرہم کرکٹ لیگ کے ایک میچ کے دوران پیش آیا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی گیند بلے باز کے قریب پہنچتی ہے، سلی پوائنٹ پر موجود فیلڈر اپنے ہاتھ کی انگلیوں سے ایسی آواز پیدا کرتا ہے، جس سے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے گیند بلے کا کنارہ لے چکی ہو۔
اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر تیزی سے توجہ حاصل کی اور لاکھوں افراد اسے دیکھ چکے ہیں۔ کئی صارفین نے فیلڈر کے اس عمل کو کھیل کی روح کے خلاف قرار دیا، جبکہ معروف برطانوی ٹی وی میزبان پیئرز مورگن نے بھی ردعمل دیتے ہوئے اسے کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی دھوکا دہی میں سے ایک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی حرکت سے نہ جانے کتنے بلے باز غلط فیصلوں کا شکار ہوئے ہوں گے۔دوسری جانب لیگ انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ ایک میچ کے حوالے سے باضابطہ شکایت موصول ہوئی ہے۔ تاہم بیان میں متعلقہ ٹیموں کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔ انتظامیہ کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حقائق سامنے آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔



















































