اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،
جہاں مقامی کمپنی اسٹار چارج انرجی پاکستان اور چین کی باہوم گلوبل لمیٹڈ نے ملک بھر میں الیکٹرک وہیکل (EV) چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا کہ حکومت ملک میں جدید، ماحول دوست اور پائیدار ٹرانسپورٹ نظام کے فروغ کے لیے الیکٹرک موبیلٹی کو ترجیح دے رہی ہے۔ ان کے مطابق مجوزہ بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم پالیسی پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت مقامی سطح پر لیتھیم آئن بیٹریوں کی تیاری کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، جبکہ نئی پالیسی غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور جدید صنعتی ڈھانچے کی تشکیل میں معاون ثابت ہوگی۔ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت چینی کمپنی جدید ٹیکنالوجی فراہم کرے گی،
جبکہ اسٹار چارج انرجی پاکستان کے اشتراک سے مختلف شہروں میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے جدید چارجنگ اسٹیشنز کا جال بچھایا جائے گا۔انہوں نے اس پیش رفت کو پاکستان میں الیکٹرک وہیکل سیکٹر کی ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید چارجنگ انفراسٹرکچر کی دستیابی سے الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال مزید آسان اور عام ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ چارجنگ اسٹیشنز کے وسیع نیٹ ورک سے صارفین کو بہتر سہولتیں میسر آئیں گی، جبکہ ملک میں الیکٹرک ٹرانسپورٹ کے استعمال میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔معاون خصوصی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں درآمدی ایندھن پر انحصار کم ہوگا، درآمدی بل میں کمی آئے گی اور توانائی کے تحفظ، ماحولیاتی بہتری اور پائیدار ترقی کے قومی اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔



















































