اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)بجلی صارفین کی سہولت کے لیے ملک بھر میں بجلی کے بلوں کا نیا اور زیادہ آسان فارمیٹ متعارف کرا دیا گیا ہے،
جس کا مقصد بلنگ کے نظام کو واضح اور صارف دوست بنانا ہے۔وزارتِ توانائی کی ہدایات پر تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے نئے طرز کا بل جاری کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس نئے فارمیٹ میں سادگی اور شفافیت کو ترجیح دی گئی ہے تاکہ صارفین اپنے بل کی تفصیلات آسانی سے سمجھ سکیں۔ذرائع کے مطابق پرانے بلوں میں پیچیدہ اصطلاحات، اضافی معلومات اور غیر واضح ترتیب کے باعث اکثر صارفین کو مشکلات پیش آتی تھیں۔
عوامی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے بل کے ڈیزائن اور معلومات کی پیشکش کے انداز کو ازسرِ نو ترتیب دیا گیا ہے۔نئے بل میں قابلِ ادائیگی رقم، آخری تاریخِ ادائیگی اور استعمال شدہ یونٹس کو نمایاں انداز میں درج کیا گیا ہے، جس سے صارفین ایک نظر میں اپنی بجلی کی کھپت اور بل کی مکمل تفصیلات دیکھ سکیں گے۔علاوہ ازیں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے بل میں کیو آر کوڈ بھی شامل کیا گیا ہے۔ اس سہولت کے ذریعے صارفین اپنے موبائل فون سے بل کی فوری تصدیق کرنے کے ساتھ آن لائن ادائیگی بھی کر سکیں گے۔توانائی حکام کا کہنا ہے کہ نئے فارمیٹ سے بلنگ کے نظام میں شفافیت بڑھے گی، معلومات زیادہ واضح انداز میں دستیاب ہوں گی اور صارفین کو بل سمجھنے میں درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔



















































