اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل صارفین کی سہولت کے لیے
ویلیو ایڈڈ سروسز (VAS) سے متعلق معلومات تک آسان رسائی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت صارفین اپنی فعال سبسکرپشنز کا جائزہ لے سکیں گے۔
پی ٹی اے نے تمام موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ صارفین کو ان کی فعال ویلیو ایڈڈ سروسز کی مکمل تفصیلات فراہم کریں۔ اس اقدام کے بعد صارفین خود یہ معلوم کر سکیں گے کہ ان کے نمبر پر کون سی اضافی سروسز فعال ہیں اور ضرورت نہ ہونے کی صورت میں انہیں فوری طور پر بند بھی کر سکیں گے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اکثر صارفین غیر ضروری سروسز کی وجہ سے اضافی کٹوتیوں کا سامنا کرتے ہیں، لہٰذا انہیں چاہیے کہ وقتاً فوقتاً اپنی فعال سروسز چیک کرتے رہیں تاکہ غیر ضروری اخراجات سے بچا جا سکے۔
پی ٹی اے کے مطابق اس نئی سہولت کا مقصد صارفین کو اپنے موبائل اکاؤنٹس پر زیادہ کنٹرول فراہم کرنا، شفافیت کو بہتر بنانا اور بلاوجہ ہونے والی مالی کٹوتیوں کی روک تھام کرنا ہے۔ اس طرح صارفین اپنی سبسکرپشنز کا بروقت جائزہ لے کر صرف مطلوبہ سروسز ہی فعال رکھ سکیں گے۔



















































