اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اٹلی نے پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آئندہ تین برسوں میں 10 ہزار 500 پاکستانی کارکنوں کو ملازمتیں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ اقدام پاکستان اور اٹلی کے درمیان طے شدہ لیبر موبلٹی معاہدے کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد قانونی اور منظم طریقے سے پاکستانی ورکرز کو اٹلی کی لیبر مارکیٹ تک رسائی فراہم کرنا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ “اٹلی ڈے” کی 80ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں اٹلی کی سفیر ماریلینا ارمیلیئن نے اس پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان مزدوروں کی نقل و حرکت، تعلیم، تجارت اور سفارتی تعلقات کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے ہزاروں پاکستانی شہریوں کو اٹلی میں قانونی طور پر روزگار حاصل کرنے کا موقع ملے گا، جس سے نہ صرف معاشی فوائد حاصل ہوں گے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط بھی مزید مستحکم ہوں گے۔
اطالوی سفیر نے پاکستانی طلبہ کے لیے بھی خوشخبری سناتے ہوئے تعلیمی سال 2025-26 کے لیے 3,200 اسکالرشپس کا اعلان کیا۔ ان وظائف کے ذریعے پاکستانی طلبہ اٹلی کی مختلف جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع سے استفادہ کر سکیں گے۔
ماریلینا ارمیلیئن نے بتایا کہ اٹلی میں یورپی یونین کی سب سے بڑی پاکستانی برادری آباد ہے، جس کے پیش نظر ویزا اور قونصلر خدمات کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی سراہا اور امریکہ و ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔
تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شریک وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے پاکستان اور اٹلی کے درمیان تقریباً 78 برس پر محیط سفارتی تعلقات کو اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس تعاون سے اطالوی سرمایہ کاری اور تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔



















































