لاہور (این این آئی)پنجاب حکومت نے 16 سال عمر کے بچوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے،
جس کے بعد محکمہ داخلہ نے اس حوالے سے گزٹ نوٹیفکیشن کے اجراء کے لیے سفارشات محکمہ قانون کو ارسال کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ قانون باقاعدہ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرے گا، جس کے تحت 16سال عمر کے نوجوان موٹر سائیکل چلانے کے لیے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے۔منظور شدہ پالیسی کے مطابق 16سالہ لائسنس ہولڈر صرف موٹر سائیکل چلانے کا مجاز ہوگا اور موٹر سائیکل پر اپنے پیچھے صرف ایک سواری بٹھا سکے گا۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ اس لائسنس کے حامل نوجوانوں کو چنگ چی رکشہ یا دیگر کمرشل گاڑیاں چلانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ لائسنس کے اجراء کے لیے مقررہ قانونی اور ٹیسٹنگ شرائط پوری کرنا لازمی ہوگا۔محکمہ داخلہ کی جانب سے منظوری محکمہ قانون کو بھجوا دی گئی ہے۔



















































