اسلام آباد(نیوز ڈ یسک) خیبر پختونخوا ورکرز ویلفیئر بورڈ نے ملازمین اور اساتذہ کی حاضری کے حوالے سے سخت پالیسی نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے،
جس کے تحت غیر حاضری کی صورت میں تنخواہ سے مکمل کٹوتی کی جائے گی۔جاری کردہ مراسلے کے مطابق بورڈ کے تمام اداروں میں اسمارٹ اٹینڈنس سسٹم کو مکمل طور پر نافذ کر دیا گیا ہے اور آئندہ تنخواہوں کی ادائیگی اسی ڈیجیٹل حاضری ریکارڈ کی بنیاد پر ہوگی۔حکام کا کہنا ہے کہ جون 2026 کی تنخواہیں مئی 2026 کے اسمارٹ اٹینڈنس ڈیٹا کے مطابق جاری کی جائیں گی۔ ایسے ملازمین جن کی حاضری سسٹم میں درج نہیں ہوگی، انہیں تنخواہ کی ادائیگی ممکن نہیں ہوگی۔نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی ملازم کی غیر حاضری یا بغیر اجازت رخصت ریکارڈ پر موجود ہوئی تو جتنے دن وہ حاضر نہیں ہوگا، اتنے دنوں کی پوری تنخواہ کاٹ لی جائے گی۔ اس سلسلے میں اداروں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حاضری کے ریکارڈ کے مطابق تنخواہوں میں کٹوتی کے عمل کو یقینی بنائیں۔
ورکرز ویلفیئر بورڈ نے تمام ماتحت اداروں کو یہ بھی ہدایت جاری کی ہے کہ تنخواہوں کے بل 10 جون 2026 تک لازمی طور پر جمع کرائے جائیں۔بورڈ انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد اداروں میں نظم و ضبط کو بہتر بنانا، ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانا اور انتظامی و تعلیمی امور میں شفافیت کو فروغ دینا ہے۔



















































