لاہور (نیوز ڈیسک)محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ مغربی سمت سے آنے والا بارش برسانے والا موسمی نظام پاکستان میں داخل ہو چکا ہے،
جس کے اثرات کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور اور وسطی پنجاب کے متعدد اضلاع میں موسم زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر گرد آلود ہوائیں چلنے اور ہلکی بارش ہونے کی توقع بھی ظاہر کی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ موسمی سلسلہ 3 جون تک فعال رہ سکتا ہے، جس کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان موجود ہے۔
دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور واسا حکام کو ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ادھر واسا لاہور کے منیجنگ ڈائریکر غفران احمد نے بھی بارش کے دوران نکاسیٔ آب کے نظام کو مؤثر رکھنے کے لیے تمام آپریشنل عملے کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



















































